مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غاصب صیہونی فوج نے آج صبح مغربی کنارے کے متعدد علاقوں پر وسیع پیمانے پر حملے کیے۔ ان علاقوں میں بیت لحم، جنین، البیرہ، الخلیل، اریحا، سلفیت، قلقیلیہ، رام اللہ، نابلس اور طوباس شامل ہیں۔
صیہونی فوجیوں نے ان کارروائیوں کے دوران فائرنگ کی، فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی لی اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
اریحا میں ایک فلسطینی نوجوان ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ قلقیلیہ میں بھی پانچ فلسطینیوں احمد ہشام ملوح، مومن حسنین، محمود ہندی، ان کے بیٹے محمد اور معتز ابو ذیاب کو گرفتار کر لیا گیا۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینی سابق اسیر عدنان حمارشہ کو بھی جنین کے جنوب میں واقع قصبے یعبد سے دوبارہ گرفتار کر لیا۔ انہیں تین سال قید کے بعد صرف تین روز قبل رہا کیا گیا تھا۔
دوسری جانب صیہونی آبادکاروں نے بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع تقوع اور نابلس کے جنوب میں قبلان پر حملے کیے۔ اس دوران انہوں نے متعدد گاڑیوں اور فلسطینیوں کے گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے۔
دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، جن کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غزہ شہر کے وسطی علاقے الدرج میں السدرہ اسٹریٹ کے قریب فلسطینیوں کے ایک گروہ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اس سے قبل اسی محلے میں المعامل کے علاقے کے قریب ایک اور فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔
اسی دوران وسطی غزہ میں النصیرات کیمپ کے شمال میں واقع نئے کیمپ کے علاقے کے فرہود چوک پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دیاب عیسیٰ عمر راضی شہید ہو گئے۔
ادھر اسرائیلی جنگی کشتیوں نے جنوبی غزہ میں رفح کے ساحل کے قریب شدید فائرنگ کی، جبکہ اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے خان یونس کے جنوبی علاقوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
آپ کا تبصرہ